ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

Sun, 24 Mar 2024 11:59:07    S.O. News Service

ٹمکورو ، 24 / مارچ (ایس او نیوز) ٹمکورو میں جلی ہوئی کار کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جو لاشیں ملی تھیں، اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات سے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ خزانے میں ملا ہوا سونا سستے داموں پر خریدنے کے چکر میں ان تینوں نے پچاس لاکھ روپیوں  کے ساتھ اپنی جانیں بھی گنوائی  ہیں۔
    
معلوم ہوا ہے کہ پچھلے کچھ عرصے سے ٹمکورو میں فریب کاروں کی ایک گینگ کام کر رہی ہے جو اپنے شکار کو بتاتی ہے کہ کھیت میں کھدائی کے دوران انہیں خزانہ ملا ہے جس میں قدیم زمانے کے سونے کے سکَّے ہیں ۔ اتنی بڑی مقدار میں سونا عام بازار میں فروخت نہیں کیا جا سکتا اس لئے وہ سستے داموں پر چپکے سے فروخت کرنا چاہتے ہیں ۔ نمونے کے طور پر اصلی سونے کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا بھی وہ اپنے شکار کو دیتے ہیں اور جانچ کروانے کے لئے کہتے ہیں ۔ اس اصلی سیمپل کو دیکھ کر لوگ لالچ میں آتے ہیں اور چوری چھپے سونا خریدنے پر آمادہ ہوجاتے ہیں ۔ اس کے بعد اس ٹولی کے افراد یا تو اپنے گاہک کو نقلی سونا تھما دیتے ہیں یا پھر انہیں لوٹ لیتے ہیں ۔
    
اب ایک جلی ہوئی کار سمیت بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی لاشیں بازیافت ہونے پر پولیس نے مستعدی سے جانچ پڑتال کی تو اس واردات میں جعلسازی اور فریب کاری کے اس دھندے میں مصروف گینگ ملوث ہونے کے سراغ ہاتھ لگے ۔ اس کے بعد پولیس نے اس ٹولی کے کئی گرگوں کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید افراد کی گرفتاری کے لئے مہم چلائی جا رہی ہے ۔ 
    
پتہ چلا ہے کہ 13 دن قبل بیلتنگڈی کے اسحاق، شاہ الحمید اور صدیق عرف امتیاز اس گینگ سے سستے داموں پر چوری چھپے خزانے کا سونا خریدنے کے لئے ٹمکورو پہنچے تھے اور پچاس لاکھ روپے سے زائد رقم اپنے ساتھ لائے تھے ۔ 21 مارچ کو رات تک وہ فون کے ذریعے اپنے گھر والوں سے رابطے میں تھے ۔ مگر 22 مارچ کو ٹمکورو کے کونچنگی گرام میں ایک تالاب میں جلی ہوئی کار کے ساتھ ان کی ناقابل شناخت لاشیں بازیافت ہوئیں ۔ 
    
سمجھا جاتا ہے کہ فریب کاروں نے ان تینوں گاہکوں سے سونا دینے کے نام پر رقم وصول کی ہوگی اور تقریباً دس بارہ دن گزرنے کے بعد بھی انہیں سونا نہ ملنے پر ان لوگوں کے بیچ جھگڑا ہوا ہوگا جس کے بعد نقلی سونا گروہ کے افراد نے ان تینوں کا کام تمام کرکے جرم پر پردہ ڈالنے کے مقصد سے ان کی کار کو آگ لگائی اور کار کو تالاب میں دھکیل دیا ہوگا ۔ اس طرح سستے دام پر سونا خریدنے کے لالچ میں  تینوں نے اپنی  رقم  کے  ساتھ  جانیں بھی گنوادیں۔


Share: